منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف کی ضمانت میں 24 ستمبر تک توسیع

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف کو عدالت پہنچا دیا گیا

فوٹو: فائل


لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی ضمانت میں 24 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ شہباز شریف بھی اس موقع پر عدالت میں موجود تھے تاہم عدالت نے سماعت کو جمعرات تک ملتوی کرتے ہوئے ضمانت میں بھی 24 ستمبر تک توسیع کر دی۔

ضمانت منسوخ ہونے کی صورت میں شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے نیب کی ٹیم بھی عدالت میں موجود تھی جو ضمانت منسوخ ہونے پر شہباز شریف کو گرفتار کرتی۔

شہباز شریف کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر سی سی پی او لاہور بھی ہائی کورٹ میں موجود تھے۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے لاہور ہائی کورٹ میں سیکیورٹی کا جائزہ بھی لیا۔

سی سی پی او لاہور نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی تھی کہ آپ لوگوں نے کارکنوں کو مشتعل نہیں ہونے دینا اور شہباز شریف کی ممکنہ گرفتاری کی صورت میں کارکنوں کو بہتر طریقے سے کنٹرول کرنا ہے جبکہ سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچنے سے بچانے کی کوشش کرنی ہے۔

واضح رہے کہ شہباز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے مسلم لیگ ن کے کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی۔

لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں ایک روز کی توسیع کی گئی تھی۔ شہباز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ کی طرف سے عدالت میں دالائل دیے گئے تھے۔

وکیل اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں فائل ہو چکا ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ ہمیں گراوَنڈ آف آریسٹ دینے کا حکم دیا جائے۔


متعلقہ خبریں