شہباز شریف کی سالگرہ پر مریم نواز کا خراج تحسین

شہباز شریف کی سالگرہ پر مریم نواز کا خراج تحسین

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ن لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ان کی سالگرہ پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نے قوم کی مسلسل خدمت کی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے جانے کے باوجود بھائی کا ساتھ نہیں چھوڑا۔

مریم نواز نے تحریر کیا کہ شہباز شریف میرے لیے دوسرے والد کی طرح ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے ٹوئٹر پیغام میں چچا شہباز شریف کے ساتھ اپنی دو تصاویر بھی شیئر کیں۔

چند روز قبل مریم نواز نے شہباز شریف کے صاحبزادے اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کا مریم نواز کو فون، زخمی کارکنوں کی عیادت کرنے کی ہدایت

مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سوال اٹھایا تھا کہ کال کوٹھڑی میں بند تنہا قیدی کورونا وائرس کی زد میں کیسے آگیا؟

مریم نواز نے کہا کہ حمزہ شہباز کو مطلوبہ طبی سہولتیں نہیں دی جا رہیں، جابر حکمران سیاسی مخالفین کو غیر انسانی حالات میں رکھ کر ان کی صحت کے ساتھ کھیل رہے ہیں، میرا بھائی حمزہ شہباز شریف اس ظلم کا تازہ شکار ہے۔


متعلقہ خبریں