کراچی: کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر نجی اسکول سیل


کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کراچی میں نجی اسکول کو سیل کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے گلستان جوہر میں نجی اسکول کا دورہ کیا، جہاں پری پرائمری کلاسز شروع کرنے  کے علاوہ ماسک سمیت دیگر ایس او پی پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا۔

صوبائی وزیر تعلیم  نے  ڈائرکٹر پرائیویٹ اسکولز کو ہدایت کی کہ اسکول کو سیل کر کے مالک کے خلاف کارروائی  کی جائے۔

سعید غنی نے گلشن اقبال بلاک سات میں گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کالج میں پرنسپل کی غیر موجودگی اور صفائی کے فقدان پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

وزیر تعلیم نے پرنسپل کو شوکاز نوٹس دینے اور  سیکرٹری کالجز کو وہاں دورہ کرنے کی ہدایت کردی۔

مزید پڑھیں: کراچی کے نجی اسکول میں 11 سالہ طالبعلم ڈوب کر جاں بحق

یاد رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کم ہونے کے بعد پاکستان میں تعلیمی ادارے کھولنے کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔

پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں چھٹی سے آٹھویں جماعت کے بچوں نے آج اسکولوں میں حاضری دی، تاہم سندھ حکومت نے دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے۔

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کے مطابق سندھ حکومت نے نظرثانی کیلئے سات روزمانگے ہیں۔ وزارت تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ انہوں نے دوسرے مرحلے میں اسکول کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا اور28 ستمبر سے دوسرے مرحلے میں اسکولز کھولنے کا فیصلہ برقرار ہے۔

پاکستان میں کورونا کی شرح دیگر ممالک سے انتہائی کم ہے۔ تعلیمی اداروں کی ایس او پیز سے متعلق سخت مانیٹرنگ کی گئی ہے۔ حکومت نے ملک بھر میں مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پہلے مرحلے میں یونیورسٹی، میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے طالبعلموں کو بلایا گیا تھا۔

تعلیمی ادارے کھولنے کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہوگا جبکہ تیسرے مرحلے میں تمام پرائمری سکول کے بچوں کو30 ستمبر سے سکول جائیں گے۔

پہلے مرحلے کے بعد تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر ملک بھر میں مجموعی طور پر35 تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا تھا۔ سندھ کے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر صوبائی حکومت نے چھٹی سےآٹھویں جماعت تک اسکول کھولنے کی تاریخ ایک ہفتہ آگے بڑھا دی ہے۔

 


متعلقہ خبریں