قیامت تک ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت ہو تو لٹکا دیں، شہباز شریف



لاہور:  پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرے خلاف قیامت تک ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہو تو لٹکا دیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کوشش ہے کہ میں جیل جاؤں، ہم پر ایسے الزامات لگاتے ہیں جیسے خود دودھ کے دھلے ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملتان میٹرو پر الزام لگایا گیا کہ چینی کمپنی کو رشوت دی، مجھ پر الزام کا جواب چینی کمپنی نے خود دیا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے جھوٹ بول کر مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور کی 4 بسیں جل چکی ہیں، یہ منصوبہ 100 ارب روپے کی لاگت سے بنا ہے، جب کہ ہم نے اسی قیمت میں میٹروں کے تین کامیاب پراجیکٹ بنائے ہیں۔

صدر مسلم لیگ ن کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اور حکومت سے قوم مایوس ہوچکی ہے، پی ٹی آئی نے عوام کو کیا کیا سہانے خواب دکھائے تھے،  کہا گیا 300 ارب کپتان پاکستان لائے گا، کہا گیا کپتان پاکستان میں دودھ اور شہد کی نہریں بہائےگا جب کہ آج اس ملک سے گندم غائب ہو گئی ہے۔

شہباز شریف کے ملازمین نے ساڑھے 9 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی، شہزاد اکبر

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ حکومت کے دور میں چینی 50 روپے فی کلو تھی ، آج 100 روپے فی کلو ہے، تحریک انصاف حکومت میں آٹا نایاب ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن کے دوران آر ٹی ایس سسٹم فیل ہو گیا، اگر الیکشن کمیشن قوم کے سامنے حقائق لے آئے تو عمران خان وزیراعظم نہیں رہ سکتے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن پر ناجائز الزامات لگا کر انتقام لیا جا رہا ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے، رانا ثنااللہ پر جو منشیات کا کیس بنایا گیا وہ ساری قوم جانتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علیمہ باجی کی جائیدادوں پر کوئی بات کرنے کے لیے تیار نہیں، وزیراعظم عمران خان اور علیمہ خان نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا، بتایا جائے مالم جبہ کا کیس کیوں نہیں کھولا گیا؟

انہوں نے کہا کہ چینی اسکینڈل کے اصل ملزم عمران خان اور عثمان بزدار ہیں، ہماری معیشت کے ساتھ  بھی بلدیہ فیکٹری جیسا حادثہ ہونے والا ہے۔


متعلقہ خبریں