احسن اقبال نے آرمی چیف سے علیحدہ سے ملاقات کی تردید کردی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے علیحدہ سے ملاقات کی تردید کردی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ  وہ پارلیمانی رہنماؤں کی آرمی چیف سے ملاقات میں شریک تھے لیکن آرمی چیف سےالگ سے ملاقات ہوئی نہ خواجہ آصف کے ساتھ  آرمی چیف سے ملے۔

احسن اقبال نے کہا کہ شیخ رشید غلط بیانی کر رہے ہیں، میری خواجہ آصف کے ساتھ بھی آرمی چیف سے الگ ملاقات نہیں ہوئی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ عوام پر ٹائیگر فورس مسلط کردی گئی ہے۔ پنجاب کو اس کا حق دیا جائے۔ پنجاب کے بلدیاتی ادارو ں ک اختیارات دیئے جائیں۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کے کسی نمائندے نے آرمی چیف سے ملاقات نہیں کی، مریم نواز

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایک نہیں دو ملاقاتیں ہوئیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی کچھ روز قبل بھی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی تھی۔ احسن اقبال اور خواجہ آصف کی عسکری قیادت سے ون آن ون ملاقات بھی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے ن لیگی رہنماؤں کی ملاقاتیں کافی دیر تک جاری رہیں اور آج میں مجبوراً کہہ رہا ہوں کہ ایک نہیں 2 ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ ملاقاتیوں میں احسن اقبال کو بھی شامل کریں۔ ایک ملاقات میں شہباز شریف اور میں ایک ہی ٹیبل پر تھے۔

دوسری جانب سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عسکری قیادت سے ملاقات خفیہ نہیں تھی جبکہ کابینہ کے 70 فیصد افراد اپنے اخراجات کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ نہیں کر سکتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ہم نیوز کے پروگرام ’’صبح سے آگے‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عسکری قیادت سے ملاقات خفیہ نہیں تھی اور عسکری قیادت کی دعوت پر ہی پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت سے ملاقات میں گلگت بلتستان سے متعلق معاملے پر بات ہوئی تھی تاہم عسکری قیادت سے ملاقات جس مقصد کے لیے کی وہ فوت ہو گئی کیونکہ عسکری قیادت نے کہا کہ وہ سیاست میں مداخلت نہیں کر سکتی۔


متعلقہ خبریں