پیپلز پارٹی کا ادویات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ  واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ کابینہ کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ادویات کی قیمت میں اضافہ کرنا سمجھ سے باہر ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ مہنگائی سرکار نے پہلے ہی لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ کیا حکومت اب لوگوں کو ادویات سے بھی محروم کرنا چاہتی؟ یہ فیصلہ ادویات کمپنیوں نے نہیں حکومت نے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں صفر فیصد اضافہ کیا۔ حکومت لوگوں سے جینے کا حق بھی چھین رہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ عوام دشمن فیصلہ واپس لیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ نے ایمرجنسی میں استعمال ہونے والی 94 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔

مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی کا ادویات سیکنڈل پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران  وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا ویکسین کی قیمت آٹھ ہزار400 روپے رکھی گئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف فیصلے ہوئے اور عام گفتگو بھی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں 17 نکات شامل تھے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا تھا کہ کابینہ اجلاس میں زیادتی کیسز کے قوانین کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں ںے تسلیم کیا کہ جنسی زیادتی کیسز کے ملزمان کو سخت ترین سزائیں ملنی چاہئیں۔


متعلقہ خبریں