وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس: اقتصادی سفارتکاری سے متعلق کمیٹی کے قیام کا فیصلہ

حکومت کا اپوزیشن کو جلسوں کی اجازت دینے کا فیصلہ

فائل/فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں اقتصادی سفارتکاری کے فروغ سے متعلق اکنامک آؤٹ ریچ اپیکس کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں اقتصادی سفارتکاری کے فروغ سے متعلق معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کو فوکل پرسن بنادیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے درمیان کوآرڈی نیشن کیلئے اکنامک آوَٹ ریچ کوآرڈینیشن گروپ کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں ملکی اقتصادی سفارتکاری کے فروغ سے متعلق درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے روڈ میپ پیش کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اقتصادی سفارتکاری کے فروغ سے بیرونی ممالک سے دو طرفہ تعلقات مستحکم ہوں گے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم صحت کے شعبہ میں عوام کو زیادہ سہولتیں دینا چاہتے ہیں، عاصم سلیم باجوہ

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ معاشی میدان میں موجود صلاحیت سے بھی بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔ بیرون ممالک میں تعینات پاکستانی سفارتخانے اقتصادی سفارتکاری کے فروغ پر توجہ دیں۔

عمران خان نے کہا کہ مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کرنے والے بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی خبررساں ادارے بلوم برگ نے اپنی رپورٹ  میں کہا تھا کہ عالمی وبا کورونا وائرس میں کمی آنے کے بعد پاکستانی معیشت میں تیزی آئی ہے۔

پاکستانی معیشت میں تیزی سے متعلق رپورٹ کے مطابق کورونا میں کمی کے بعد ایندھن سے لے کر سیمنٹ تک تمام شعبوں میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔

بلوم برگ رپورٹ کے مطابق لاک ڈاون کے بعد گاڑیوں کی فروخت بھی معمول پر لوٹ آئی ہے اور تعمیراتی شعبہ مسلسل دوسرے ماہ نمو پذیر ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ترجمان وزارت خزانہ نے بتایا تھا کہ عالمی اداروں کا پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں پراعتماد بڑھ رہا ہے، کورونا وبا کے باوجود پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔


متعلقہ خبریں