سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز انتقال کر گئے


سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کمنٹریٹر ڈین جونز دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈین جونز کو دل کا شدید دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر ممبئی کے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے کوچ بھی رہے۔ ان کی کوچنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو پی ایس ایل ٹائٹل جیتے۔ ڈین جونز اچھے کمنٹیٹر بھی تھے۔

دنیائے کرکٹ سے تعلق رکھنے والے افراد نے ڈین جونز کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں آسٹریلوی کرکٹر ڈیرن لیہمن کا کہنا تھا کہ ڈین جونز کی موت پر بہت افسوس ہے، ہماری تمام تر نیک تمنائیں ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

پاکستانی کرکٹر اور کمنٹیٹر رمیض راجہ ننے ٹوئٹر پیغام میں تحریر کیا کہ ڈین جونز کے انتقال پر بہت افسوس ہوا،
ڈین ایک بہت اچھے اور پر خلوص انسان تھے۔

آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے ڈین جونز کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر سن کر یقین نہیں آرہا، ڈین جونز کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے ٹوئٹر پیغام میں تحریر کیا کہ ڈین جونز کی وفات کا سن کر گہرا صدمہ پہنچا ہے، میری تمام تر نیک تمنائیں ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

پاکستانی کرکٹر شاداب خان نے ڈین جونز کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بڑے اسٹیج پر میرے پہلے کوچ ڈین جونز اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ میں ہمیشہ آپ کا مشکور رہوں گا۔

سابق پاکستانی کھلاڑی جاوید میانداد نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈین جونز کو پاکستان سے لگاؤ تھا اور ان کے انتقال سے کرکٹ کی دنیا میں خلا پیدا ہو گیا ہے۔ ڈین جونز اچھے کرکٹر اور بہترین کمنٹریٹر تھے۔

انہوں ںے کہا کہ ڈین جونز جہاں بھی جاتے پاکستان کی تعریف ہی کرتے تھے۔ ڈین جونز پاکستان کے سفیر اور حامی تھے وہ بڑے تحمل مزاج اور عاجزی پسند شخصیت تھے۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز کی عمر 59 سال تھی،  وہ 24 مارچ 1961 میں میلبرن میں پیدا ہوئے ،ڈین جونز 1987 کا ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے اہم رکن تھے۔ ڈین جونز آسٹریلیا کے لیے 1987 ورلڈ کپ کے ہیرو تھے۔

ڈین جونز نے کورونا وائرس سے  قرنطینہ  ہونے کے بعد کرکٹرز کی سوشل میڈیا پر آن لائن کوچنگ شروع کر دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی نے زمبابوے کے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی

دین جونز نے اپنے کیریئر میں 52 ٹیسٹ اور 164 ایک روزہ میچز کھیلے ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے سب سے زیادہ رنز 216 تھے۔ ایک روزہ میچوں میں انہوں نے 11 سینچریاں اور 46 ففٹیز اسکور کیں۔

30 جنوری 1984 میں پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں میں ڈیبیو کرنے والے ڈین جونز نے 6 اپریل 1994 میں اپنا آخری میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔


متعلقہ خبریں