پاکستان سٹیزن پورٹل پر 23 لاکھ شکایات کا ازالہ کیا گیا، شبلی فراز


اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر 25 لاکھ  شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 23 لاکھ کا ازالہ کیا گیا۔

اسلام آباد میں پاکستان سٹیزن پورٹل ہیلپ لائن کے قیام سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ  5 لاکھ 86 ہزارافراد نے شکایات کے ازالے کی تصدیق بھی کردی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ  سٹیزن پورٹل ہیلپ لائن کا مقصد شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ ہے۔ سٹیزن پورٹل سے عوام کو اداروں تک براہ راست رسائی دی گئی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان سٹیزن پورٹل ہیلپ لائن کا قیام عمل میں لایا گیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان سٹیزن پورٹل نے کام کرنا چھوڑ دیا

شبلی فراز نے کہا کہ  پاکستان سٹیزن پورٹل کے قیام کا مقصد عوام کی شکایات گھر بیٹھ کر حل  کرانا ہے۔ حکومت اورعوام کےدرمیان فاصلےختم ہوگئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قائم کیا گیا پاکستان سٹیزن پورٹل ملک بھر میں شکایات کے ازالے کا سب سے موثر ذریعہ بن گیا۔

ہم نیوز نے وزیراعظم آفس کے حوالے سے جنوری میں کہا تھا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر 91  فیصد سے زائد شکایات کا ازالہ کردیا گیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعدادو شمار  میں کہا گیا تھا کہ 13 لاکھ 97 ہزار 537 لوگ پورٹل پر رجسٹرڈ ہیں، جن میں  48 ہزار 349 طلبہ، 34 ہزار 995 کاروباری افراد، 33  ہزار 277  انجیئنرز، 20 ہزار 25  سرکاری ملازم  شامل ہیں۔

وزیراعظم آفس کے مطابق پورٹل پر 14 ہزار 437 اساتذہ، کارپوریٹ سیکٹر سے 14 ہزار 579، مسلح افواج سے 9 ہزار542 افراد رجسٹرڈ ہیں۔ اسی طرح 8 ہزار 816 ڈاکٹرز، 6  ہزار 841  سماجی کارکن، 46 ہزار 16 وکلا، 29 ہزار 90 سینیرسٹیزنز، 26 ہزار 15 سیاسی کارکن، 2 ہزار 309 صحافی اور 1 ہزار 695 این جی اوز میں کام کرنے والے رجسٹرڈ ہیں۔


متعلقہ خبریں