پی آئی اے کو سعودی عرب کیلئے مزید 21 خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت

خوشخبری: پی آئی اے کو کینیڈا کیلیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی سفارتی کاوشوں سے قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کو سعودی عرب کے لیے مزید 21 خصوصی پروازیں چلانے کا خصوصی اجازت نامہ مل گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے وزیر اعظم عمران خان سے لوگوں کی پریشانی اور بے پناہ رش کے مسئلے کے حل کے لیے استدعا کی تھی۔

ترجمان کے مطابق ۔سفارتی سطح پر کوششوں کے بعد صرف پی آئی اے کو  مزید  21 خصوصی پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت ملی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ زیادہ تر لوگوں کے اقامے تیس ستمبر کو ختم ہو رہے ہیں۔ ایئرمارشل ارشد ملک نے وزارت خارجہ سے اقاموں کی مدت میں اضافے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

پی آئی اے کورونا کے باعث ہفتہ وار 13 پروازوں تک محدود رکھا گیا تھا۔ بکنگ پر بے پناہ رش کے باعث پی آئی اے نے پاکستانی حکام کے ذریعے سعودی انتظامیہ سے مزید 28 پروازوں کی اجازت طلب کی تھی۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے نے سعودی عرب کیلئے بکنگ شروع کردی

خیال رہے کہ کورونا کے سبب پابندی کے بعد 22 ستمبر کو قومی ایئرلائن پی آئی اے  نے سعودی عرب کے لیے نئی پروازیں شروع کردی تھیں۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے بتایا تھا کہ سعودی عرب کے لیے 777 اور ایربس 320 طیارے استعمال کیے جائیں گے۔

ہم نیوز نے پی آئی اے کے ترجمان کے حوالے سے بتایا تھا کہ قومی ایئر لائن کی پروازوں نے کراچی،لاہور اور اسلام آباد سے مسافروں کو لے کر سعودی عرب کے لیے اڑانیں بھریں۔ 

پی آئی اے کے مطابق 15 ستمبر سے اجازت ملنے کے ساتھ  ہی پی آئی اے نے بکنگ کا آغاز کر دیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی ایوی ایشن نے پی آئی اے کو 13 پروازوں کی اجازت دی ہے۔


متعلقہ خبریں