مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، ترک سفیر

مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، ترک سفیر

اسلام آباد: ترکی کے پاکستان میں متعین سفیر احسان مصطفیٰ یرد کل نے کہا ہے کہ تنازع کشمیر انتہائی گھمبیر مسئلہ ہے۔ انہوں ںے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

مختلف ممالک کے سفرا اور دفاعی اتاشیوں کا ایل او سی کا دورہ

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات پاکستان میں متعین 24 ممالک کے سفرا اور دفاعی اتاشیوں کے ہمراہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے جورا سیکٹر کے دورے کے بعد ہم نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ یرد کل کا اس موقع پرکہنا تھا کہ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران جو کچھ کہا ہے کہ وہ اسی کو دہرائیں گے۔

ہم نیوز سے گفتگو میں یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے دورے پر تمام صورتحال کا جائزہ لیا، صورتحال دیکھی اور متاثرین کو بھی سنا۔

پاکستان میں متعین غیر ملکی سفرا اور دفاعی اتاشیوں نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کرانے پر وزارت خارجہ اور پاک فوج سے اظہار تشکر کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے غیر ملکی سفرا کو ایل او سی کی صورتحال پر بریفنگ دی اور بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے باعث ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔

ترک صدر نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھا دیا

بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آرنے بتایا کہ بھارتی فوج شہری آبادی پرکلسٹر بموں کا استعمال کرتی ہے، بین الاقوامی قوانین کے مطابق کلسٹربموں کا استعمال ممنوع ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ رواں سال بھارت نے دو ہزار 333 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاک فوج پروفیشنل فوج ہے جو کہ صرف فائرنگ کرنے والی بھارتی چوکیوں کونشانہ بناتی ہے جب کہ بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ایل او سی کے دورے میں آذربائیجان، بوسنیا، یورپی یونین اور پرتگال کے سفرا اور دفاعی اتاشی کے وفود شامل تھے جب کہ سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکی اور فلسطین کے سفرا بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یونان، آسٹریلیا، ایران، کرغزستان، عراق، برطانوی، اٹلی، پولینڈ، ازبکستان، جرمنی، سویٹزرلینڈ، فرانس، مصر، لیبیا، یمن اور افغانستان کے سفیروں نے بھی ایل او سی کا دورہ کیا۔

بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کے2جوان شہید

ہم نیوز کے مطابق عالمی ادارہ برائے خوراک کے نمائندے نے بھی ایل او سی کا دورہ کیا۔ غیر ملکی سفرا اور دفاعی اتاشیوں کے وفود نے اپنے دورے میں بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزیوں کا بھی جائزہ لیا۔


متعلقہ خبریں