عمران خان نیب کے ذریعے اپوزیشن کو دباؤ میں لانے کی کوشش کررہے ہیں، بلاول

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نیب کے ذریعے اپوزیشن کے سیاست دانوں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بوکھلا کر نیب کو استعمال کررہی ہے۔

اپنے بیان میں بلاول نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے بعد سیاسی رہنماؤں کو نیب کے نوٹس بھیجنے سے حکومتی عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں۔ حکومت کچھ بھی کرلے۔ اب عوامی مزاحمت کو نہیں دباسکتی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ فضل الرحمان کے خلاف حکومت نیب کے ذریعے اپنے اوچھے ہتکھنڈوں سے فی الفور باز آجائے۔

خیال رہہے کہ گزشتہ روز  بلاول  نے کہا تھا کہ نیشنل سیکیورٹی بریفنگ پر وزیراعظم کام نہیں کرسکتے تو کسی اورکو موقع دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم قومی سلامتی کے اجلاسوں میں نہیں آسکتے تو استعفیٰ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بہتر ہوتا کہ وزیراعظم عمران خان بھی اس میٹنگ میں موجود ہوتے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کے کسی نمائندے نے آرمی چیف سے ملاقات نہیں کی، مریم نواز

ہم نیوز کے مطابق شہر قائد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں زرعی ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی حکومت متاثرین کو کارڈ دے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کی صورت میں حکومت کو کسانوں کی مدد کرنی پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو پہلے کورونا سے نقصان ہوا اور اس کے بعد سیلاب سے فصلیں تباہ ہو گئیں۔

انہوں ںے کہا تھا کہ ملکی سیکیورٹی معاملات پر ہمیشہ ہم سب ایک رہے ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کے مسئلے پرہم ایک ہیں اورایک رہیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ نیشنل سیکیورٹی کی بریفنگ لینی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی پر بریفنگ ہوئی ہے اورآئندہ بھی ہوتی رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آرمی چیف کی طرف سے کسی ترمیم پر کوئی بات نہیں ہوئی۔


متعلقہ خبریں