شہبازشریف کو گرفتار کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، مریم اورنگزیب



لاہور: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے الیکشن کی وجہ سے شہباز شریف کو گرفتار کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک نالائق اور کرپٹ ٹولہ پاکستان پر مسلط کیا گیا ۔ جو حکومت مینڈیٹ نہ لیکر آئی ہو وہ عوام کی تکلیف کا کیا ازالہ کرے گی؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ لوگ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کوگرفتارکراناچاہتے ہیں اور عمران خان نیب کو انتقام   کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

ن لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کےخلاف دی جانے والی درخواست میں بھی جعلسازی کی گئی۔ اٹھاون والیمز پر مشتمل  ریفرنس میں شہباز شریف پر کرپشن کا کوئی الزام تک نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018کےآرٹی ایس کو بٹھانے کا تسلسل جاری ہے۔ شہبازشریف کےخلاف نیب میں درخواست عمران خان کی جانب سےدی گئی ہے۔

خیال رہے کہ شہبازشریف کو لاہور ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں25 ستمبر تک ضمانت دے رکھی ہے۔ قومی احتساب بیورو نے ضمانت کی مخالف کی ہے۔

شہباشریف کا مؤقف ہے کہ نیب اپنی تحقیقات مکلمل کر چکا ہے اور گرفتاری کا مقصد کسی کی انا کی تسکین سے زیادہ کچھ نہیں۔ نیب کے  تفتیشی افسر کہہ چکے ہیں کہ تفتیش کی ضرورت نہیں، جب ضرورت ہو گی آپ کو بتایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں