سندھ میں پرائمری اور مڈل کلاسز 28 ستمبر سے شروع ہوں گی، سعید غنی

فوٹو: فائل


کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی  نے کہا ہے کہ دوسرے مرحلے کے تحت صوبے میں پرائمری اور مڈل کلاسز 28 ستمبر سے شروع ہوں گی.

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں میں سو فیصد بچے اسکول جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو والدین بچوں کو اسکول چھوڑنے اور لینے جانے کا کام خود کریں گے وہ محفوظ رہیں گے ۔ والدین اسکولز کے دورے کریں اور خود ایس او پیزکا جائزہ لیں۔

سعید غنی نے کہا کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرائیں گے، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔  کئی سرکاری اور نجی اسکولز میں بہترانتظامات ہیں۔ ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

یاد رہے کہ 23 ستمبر کو عالمی وبا کورونا وائرس کم ہونے کے بعد پاکستان میں تعلیمی ادارے کھولنے کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: سندھ: آٹھ روز میں تعلیمی اداروں سے 172 کورونا کیسز رپورٹ  

وفاقی حکومت نے ملک بھر میں مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پہلے مرحلے میں یونیورسٹی، میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے طالبعلموں کو بلایا گیا تھا۔

پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں چھٹی سے آٹھویں جماعت کے بچے اسکول جارہے ہیں تاہم سندھ حکومت نے دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا تھا۔

اس سے قبل۔ وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ 28 ستمبر سے دوسرے مرحلے میں اسکولز کھولنے کا فیصلہ برقرار ہے۔

پہلے مرحلے کے بعد تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر ملک بھر میں مجموعی طور پر35 تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا تھا۔ سندھ کے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر صوبائی حکومت نے چھٹی سےآٹھویں جماعت تک اسکول کھولنے کی تاریخ ایک ہفتہ آگے بڑھا دی تھی۔

پاکستان میں کورونا کی شرح دیگر ممالک سے کم ہے۔ تعلیمی اداروں کی ایس او پیز سے متعلق سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ تیسرے مرحلے میں تمام پرائمری اسکول کے بچے 30 ستمبر سے سکول جائیں گے۔


متعلقہ خبریں