چاہوں تو مشرف کا سارا کھاتا بھی آؤٹ کرسکتا ہوں، شیخ رشید



لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ چاہوں تو مشرف کا سارا کھاتا بھی آؤٹ کرسکتا ہوں، ٹیلی فون ڈیٹا آؤٹ کر دیا تو ملک میں قیامت آ جائے گی، شور شرابہ پڑ جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پہلے بھی نواز شریف کو مروایا اب بھی مروائیں گی، نواز شریف کو اقتدار سے نکالنے والی بھی مریم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تقریر مودی، را اور جندال کی تقریر تھی، اپوزیشن استعفیٰ دے گی نہ دھرنا اور نہ یہ عدمِ اعتماد لائیں گے، کرپشن سے جو گند کچرا پھیلا عمران خان اسے ختم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سینیٹ الیکشن سے قبل سیاسی دھینگا مشتی چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جہاں جلسہ کرے گی ،وہاں ایک دو دن بعد میں بھی جلسہ کروں گا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے برے دن ہیں، دسمبر یا جنوری میں سیاست کھلے گی سب کو پتا چل جائے گا۔ یہ سارے چور،ڈاکو سب جیلوں میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہ استعفیٰ دیں گے اور نہ ہی دھرنا دیں گے، یہ کسی کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی نہیں لائیں گے۔

آئندہ جماعت کا کوئی رکن عسکری نمائندوں سے ملاقات نہیں کریگا، نواز شریف

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھے پاک فوج کا ترجمان ہونے پر فخر ہے، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملنا اعزاز کی بات ہے۔ پاک فوج سے کندھے سے کندھا ملا کر ملک کے دفاع کیلئے جان دینے کو تیار ہوں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ چین کے ساتھ مل کر پاکستان کی ریلوے کو ٹھیک کرنا ہے۔ جب تک ریلوے ترقی نہیں کرے گی مزدور کی زندگی نہیں بدلے گی۔ کورونا کے باعث ریلوے کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو ایم ایل ون میں روزگار دوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک نے آگے جانا ہے، ہم نے اس لیے ترقی نہیں کی کیوں کہ غریب نے غریب کا ساتھ نہیں دیا۔


متعلقہ خبریں