پی آئی اے کے تمام دفاتر ہفتہ اور اتوار کو کھولنے کا فیصلہ


اسلام آباد: سعودی عرب جانے والے مسافروں کی سہولت کے لیے قومی ایئرلائن (‎‎پی آئی اے) نے تمام  دفاتر ہفتہ اور اتوار صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق  پی آئی اے اسٹاف کو مسافروں کا ہر ممکن خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان  کے مطابق ‎پی آئی اے کو فی الحال سعودیہ کیلئے مزید 7 پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔ پی آئی اے جدہ، دمام، ریاض اور مدینہ منورہ کیلئے پروازیں آپریٹ کررہا ہے۔

ترجمان‎ کے مطابق مزید پروازوں سے نشستوں کی دستیابی آسان ہوجائے گی۔ ‎پی آئی اے مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستانیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سفارتی کاوشوں سے قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کو سعودی عرب کے لیے مزید 21 خصوصی پروازیں چلانے کا خصوصی اجازت نامہ مل گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے نے سعودی عرب کیلئے بکنگ شروع کردی

ترجمان پی آئی اے کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے وزیر اعظم عمران خان سے لوگوں کی پریشانی اور بے پناہ رش کے مسئلے کے حل کے لیے استدعا کی تھی۔

ترجمان کے مطابق سفارتی سطح پر کوششوں کے بعد  پی آئی اے کو  مزید  21 خصوصی پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت ملی ہے۔

اس سے قبل پی آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر لوگوں کے اقامے تیس ستمبر کو ختم ہو رہے ہیں۔ ایئرمارشل ارشد ملک نے وزارت خارجہ سے اقاموں کی مدت میں اضافے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

پی آئی اے کورونا کے باعث ہفتہ وار 13 پروازوں تک محدود رکھا گیا تھا۔ بکنگ پر بے پناہ رش کے باعث پی آئی اے نے پاکستانی حکام کے ذریعے سعودی انتظامیہ سے مزید 28 پروازوں کی اجازت طلب کی تھی۔

خیال رہے کہ کورونا کے سبب پابندی کے بعد 22 ستمبر کو قومی ایئرلائن پی آئی اے  نے سعودی عرب کے لیے نئی پروازیں شروع کردی تھیں۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے بتایا تھا کہ سعودی عرب کے لیے 777 اور ایربس 320 طیارے استعمال کیے جائیں گے۔

 


متعلقہ خبریں