ایمازون نے گھر کی نگرانی کرنے والا ڈرون کیمرہ متعارف کرا دیا


ای کامرس کی معروف امریکی کمپنی ایمازون نے گھر سے دور رہ کر گھر کی نگرانی کرنے والا  ڈرون کیمرہ متعارف کرا دیا ہے۔

اِس اڑنے والے ڈرون کیمرے کی مدد سے گھر کا کوئی بھی حصہ دیکھا جاسکتا ہے۔ گھر میں کسی گڑبڑ کی صورت میں ڈرون کیمرا کا الرٹ نوٹیفیکشن مالک مکان کے موبائل پر پہنچ جاتا ہے۔  ڈرون کیمرا گھر کی نگرانی کے بعد خودبخود واپس اپنی جگہ پر جاکر چارجنگ پر لگ جاتا ہے۔

ایمازون کے مطابق کیمرے کی ڈلیوری اگلے ماہ سے شروع کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ٹیکنالوجی کمپنیوں کے امریکی حکومت، اداروں سے معاہدے سامنے آ گئے

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ایمازون کا پہلا ہائی ٹیک گراسری سپر اسٹور لاس اینجلس میں کھول دیا گیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی مطابق ایمازون اسٹور میں داخل ہونے پر صارف کو ڈیجیٹل ٹرالی ملتی ہے،جس میں نصب الیکٹرانک سسٹم اس میں ڈالی جانے والی ہر چیز پر نظر رکھتا ہے۔ جیسے ہی آپ ٹرالی میں کوئی چیز ڈالتے ہیں، وہ اس کی قیمت اسکین کر کے آپ کے بل میں شامل کر دیتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جب آپ اسٹور سے باہر نکلتے ہیں تو ٹرالی میں موجود تمام چیزوں کا مجموعی بل آپ کے کریڈٹ کارڈ میں چلا جاتا ہے ۔ اسٹور میں صرف ایسے افراد کو آنے کی اجازت ہو گی جنہیں کارڈ جاری کیے جائیں گے۔

کمپنی کی جانب سے کھولے گئے اس پہلے ہائی ٹیک ڈیجیٹل اسٹور کا نام ایمیزون فریش گراسری اسٹور رکھا گیا ہے۔ یہاں اعلی معیار کے آرگینک تازہ پھل، سبزیاں، کھانے پینے اور روزمرہ ضرورت کی دیگر ہزاروں اشیا رکھی گئی ہیں۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی کیلی فورنیا میں اس انداز کے سات ہائی ٹیک گراسری سپر اسٹور قائم کرے گی۔

کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے حالات کے دوران ایمازون کی آن لائن خریدو فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں