پی ایس ایل فرنچائزز کی درخواست پر پی سی بی کو نوٹس جاری


لاہور: ہائی کورٹ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز کی درخواست پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تاحکم ثانی فرنچائز مالکان کے خلاف تادیبی کارروائی روک دی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے فرنچائزز کی درخواست پر سماعت کی جس میں پاکستان سپر لیگ کے لئے مالی ڈھانچے کی تشکیل کو چیلنج کیا گیا۔

درخواست میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ پی سی بی کے اقدام سے مالی نقصان ہو گا۔

دوسری جانب پی سی بی کے وکیل نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ فرنچائز مالکان عدالت کے بجائے کرکٹ بورڈ حکام سے بات کریں۔

عدالت نے پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ درخواست پر مزید کارروائی 30ستمبر کو ہو گی۔

پی ایس ایل 2020: پی سی بی نے میڈیا رائٹس رکھنے والی کمپنی سے معاہدہ ختم کردیا

دوسری جانب پی ایس ایل فرنچائزز کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے پر پی سی بی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ فرنچائزز کی دائر کی گئی پٹیشن ہمیں آج موصول ہوئی ہے۔

پی سی بی کے مطابق وکیل نے عدالت کو بتایا ہے کہ فرنچائزز کو اس معاملے پر بات چیت کیلئے دو مرتبہ دعوت دی، معاہدے کے تحت پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان کوئی بھی معاملہ حل کرنے کا یہ فورم نہیں، ہمارا مؤقف ہے کہ یہ پٹیش مسترد ہونی چاہیے۔

اعلامیے کے مطابق اپنا تحریری بیان 30 ستمبر کو عدالت میں جمع کرائیں گے، پی سی بی معاملے کا قابل عمل حل چاہتا ہے مگر فرنچائزز کے عدالت سے رجوع کرنے پر حیرانی ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں