پاکستان ہندو کونسل کے مظاہرین ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل


اسلام آباد: جودھ پور بھارت میں 11 پاکستانی ہندوؤں کی پراسرار موت پر احتجاج کرنے والے پاکستان ہندو کونسل کے مظاہرین خار دار تاریں عبور کرتے ہوئے ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہو گئے۔

پاکستان ہندو کونسل کے مظاہرین کی بڑی تعداد  خار دار تاریں عبور کرتے ہوئے ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہوگئی اور بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بھارتی ہائی کمیشن کے باہر شدید نعرے بازی کی۔

مظاہریں پاکستان ہندو کاؤنسل کے سرپرست اعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کی قیادت میں ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہوئے۔ مظاہرین بھارتی سفارت خانے میں جا کر اپنے مطالبات پیش کرنا چاہتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیش کمار نے کہا کہ واپس آکر ایک اور اہم اعلان کرونگا۔ سب لوگ یہاں پر امن انداز میں بیٹھے رہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی ہندوؤں کے قتل کا معاملہ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیش کمار نے مطالبہ کیا تھا کہ جودھ پور میں 11 پاکستانی ہندوؤں کی پراسرار موت پر احتجاج کرنے والوں کو بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے دیا جائے۔

اسلام آباد میں  پاکستانی ہندوؤں کے قتل کیخلاف ہندو برادری کے احتجاج کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیش کمار نے کہا تھا کہ بھارتی ہائی کمیشن جودھ پور میں 11 پاکستانی ہندوؤں کی پراسرار موت کے واقعہ کی ایف آئی آر کی کاپی فراہم کرے۔  بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے مقدمے کی کاپی فراہم نہ کرنے تک ہم یہاں سے نہیں ہٹیں گے۔

رہنما ہندو کونسل رمیش کمار کا کہنا تھا کہ ہم اس معاملے کو ہر سطح پر اٹھائیں گے۔ ہم 11 پاکستانی ہندوؤں کے خون کا حساب لینے آئے ہیں۔ ہم ڈپلومیٹک انکلیو کے اندر بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے دھرنا دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ تمام مظاہرین اندر نہیں جائیں گے صرف چند لوگ جائیں گے۔ میں چند لوگوں کےساتھ ڈپلومیٹک انکلیو کے اندر داخل ہوں گا۔ مظاہرین چاہتے ہیں کہ بھارتی ہائی کمیشن کو اس معاملے کا پتا چلے۔ انتظامیہ سے درخواست ہے ہمیں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے جانے دیا جائے۔


متعلقہ خبریں