یوکرائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، 25 افراد ہلاک


یوکرائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 25 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرائن کے شہر چوگویف کے علاقے خارکیف میں فوجی طیارے کو لینڈنگ کے دوران حادثہ پیش آیا اور طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر ائر کیڈٹس شامل ہیں۔ فوجی طیارے میں 27 افراد سوار تھے۔

حکومتی ترجمان کے مطابق طیارہ یونیورسٹی سے کیڈٹس کو لے کر جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا، فوری طور پر حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں تاہم حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

یوکرائن حکام کے مطابق حادثے کے فوری بعد طیارے میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے کئی لاشیں جل کر مسخ ہو گئی ہیں جن کی شناخت ممکن نہیں رہی۔

گزشتہ سال ایران میں یوکرائن کا جہاز میزائل لگنے سے تباہ ہو گیا تھا جس میں 179 مسافر ہلاک ہوئے تھے بعد میں معلوم ہوا کہ طیارہ غلطی سے ایرانی میزائل لگنے سے تباہ ہوا تھا۔ جس پر ایران نے معافی بھی مانگی تھی۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا تھا کہ ہم عوام سے گہری ندامت، معذرت اور تعزیت کے خواہاں ہیں۔ جواد ظریف نے تمام متاثرین کے اہل خانہ اور دیگر متاثرہ ممالک سے معافی بھی مانگی۔

جواد ظریف نے کہا تھا کہ امریکی جارحیت کے سبب جو حالات پیدا ہوئے ان میں انسانی غلطی سے مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا۔


متعلقہ خبریں