خواتین کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے کیلئے جامعہ پنجاب کا اہم اقدام


لاہور: خواتین کو بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جامعہ پنجاب نے اہم اقدام اٹھایا ہے۔

پنجاب یونیورسٹی نے  بی ایس کی سطح پر نئے ڈیموگرافکس، پبلک ہیلتھ اور کرمنالوجی کے کورسز متعارف کروا دیے جب کہ شہداء کے بچوں کے لیے مفت تعلیم اور اسکالر شپ کی تفصیلات بھی جاری کر دی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’جو طالبعلم آن لائن امتحان نہیں دینا چاہتا وہ پنجاب یونیورسٹی کو درخواست دے سکتا ہے‘

پنجاب یونیورسٹی نے بی ایس اور ماسٹرز کی سطح پر داخلوں کا اعلان کر دیا ہے۔ امیدوار دس ستمبر سے مختلف پروگرامز میں داخلوں کے لیے آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔

جامعہ کی جانب سے نئے پروگرامز میں ڈیموگرافک، کرمنالوجی اور پبلک ہیلتھ جیسے مضامین شروع کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد طلبا اور خاص طور طالبات کیلئے نوکری کے مواقع بڑھانا ہے۔

یونیورسٹی آف پنجاب میں ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر روزینہ کا کہنا ہے کہ پبلک ہیلتھ اور ڈیموگرافکس ایسی ڈگریاں ہیں جن کی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں بہت مانگ ہے۔

بی ایس اور ماسٹرز پروگرام میں شہدا کے بچوں کیلئے خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کے مطابق ہر شعبہ میں کوٹہ پر دو سیٹیس رکھی گئی ہیں۔

وائس چانسلر جامعہ پنجاب ڈاکٹر نیاز احمد کا کہنا ہے کہ شہدا ہمارے لیے قابل فخر ہیں، ان کے بچوں کو مفت تعلیم، رہائش اور اسکالر شپس دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں نرسز کے سروس اسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری

وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔ داخلوں کے لیے آئن لائن فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ پانچ اکتوبر ہے۔


متعلقہ خبریں