ہمیں کسی اور نے نہیں عوام نے منتخب کیا، فواد چودھری


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمیں کسی اور نے نہیں بلکہ عوام نے منتخب کیا ہے۔

غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے عدلیہ اور عسکری اداروں سمیت ہر ایک سے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان کی فوج وہی کردار ادا کر رہی جو کہ حکومت اورکابینہ چاہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چودھری سے ملاقات: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کی غلط فہمیاں دور

فواد چودھری نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) اہم ترین منصوبہ ہے جو تیزی سے جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل سی پیک میں مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش کر رہا ہے، معیشت کی بحالی کے لیے سی پیک بہت اہم ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ سی پیک کو محفوظ بنانے کے لیے ہمیں فوج کی معاونت درکار ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان کسی بھی مارشل لا کا حصہ نہیں رہے، انہوں نے 22 سال جدوجہد کر کے کامیابی حاصل کی۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کی ہر جماعت ڈکٹیٹر کے دور کا حصہ رہ چکی ہے۔

چند روز قبل فواد چودھری نے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت سے لوگ اتنے بیزار نہیں ہیں کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی طرف دیکھیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بریکنگ پوائنٹ وِدمالک‘ میں میزبان محمد مالک کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ کیسز چونکہ منطقی انجام کی طرف جارہے ہیں، اس لیے یہ لوگ خوفزدہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈکٹیٹر کے بنائے ادارے نیب کو برقرار رکھنا ہماری غلطی تھی، نوازشریف

وفاقی وزیر فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ لوگوں کو آصف زرداری اورنوازشریف سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مدارس کے بچوں کے ذریعے احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف بل پر یہ سارے اکٹھے تھے لیکن پھر بھی انہیں شکست ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بھی عمران خان لوگوں کی امیدوں کا مرکز ہیں۔


متعلقہ خبریں