عوام کو ن لیگ پر اعتماد نہیں، شفقت محمود


اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ عوام کو مسلم لیگ ن پر اعتبار نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ منافقت کی سیاست کی اسی لیے عوام کا اعتماد کھو بیٹھے ہیں اور اب ان کے اعلانات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ: آٹھ روز میں تعلیمی اداروں سے 172 کورونا کیسز رپورٹ  

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف  لندن میں بیٹھ کر ملکی اداروں پر تنقید کرتے ہیں اور ان کے لوگ خفیہ ملاقاتیں بھی کرتے ہیں اس لئے عوام اب ن لیگ پراعتماد نہیں کرتے۔

شفقت محمود نے کہا کہ ن لیگ کی منافقت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کا قائد لندن میں بیٹھ کر عوام سے خطاب کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ عوام میں کچھ اور کہتے ہیں مگر پرائیوٹ میں کچھ اور ہوتے ہیں۔ سب کو سمجھ آگئی ہے کہ ن لیگ نے ہمیشہ منافقت کی سیاست کی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کہ تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولا جا رہا ہے، یقین ہے 30 ستمبر سے پرائمری اسکول بھی کھل جائیں گے مگر حتمی فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں ہو گا۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت نے پرائمری اسکولز کھولنے کی تاریخ میں 15 دن کی توسیع کا اعلان کر دیا۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنا شروع ہوگئے ہیں جس کے مدنظر رکھتے ہوئے پرائمری اسکولز کھولنے کی تاریخ میں مزید 15 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے جن تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز مثبت آئے ان کو بند کر دیا گیا ہے اور اب بغیر ماسک کے تعلیمی اداروں میں داخل ہونے والوں کو جرمانے کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: منڈی بہاؤالدین: ہونہار طالبعلم نیاز خان نے سب کو حیران کردیا

ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں تعلیمی ادارے 15 اکتوبر کو کھولنے کی تجویز پیش کریں گے۔

اس سے قبل سندھ حکومت نے بھی چھٹی سے آٹھویں کلاسوں کو 23 ستمبر کو دوسرے مرحلے میں کھولنے کے بجائے ایک ہفتہ مزید بند رکھنے کا اعلان کیا تھا تاہم اب سندھ حکومت نے بھی 28 ستمبر سے اسکولز کھولنے کا اعلان کر رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں