پشاور: پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان جاں بحق


پشاور: پشاور میں پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان جاں بحق اور اس کا بھائی زخمی ہو گیا۔ مرنے والے نوجوان کے لواحقین نے میت سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔

ذرائع کے مطابق پشاور میں تھانہ ناصر باغ پولیس کے اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا بھائی زخمی ہوا۔ لواحقین نے لاش کارخانوں روڈ پر رکھ احتجاج شروع کر دیا۔

ترجمان پشاور پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سیف الرحمان بھی زخمی ہوا۔

ترجمان کے مطابق سی سی پی او پشاور نے ایس ایچ او تھانہ ناصر باغ کو معطل کردیا جبکہ فائرنگ میں ملوث اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کی وجہ آپس میں گھریلو تنازع تھا۔

خیال رہے جولائی میں پشاور پولیس نے 8 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا  تھا۔

سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا تھا کہ مبینہ دہشت گردوں سے 4 دستی بم،کلاشنکوف، 4 پستول اور موٹرسائیکل بر آمد کئے ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ مبینہ دہشت گردوں کوچیک پوسٹ پر حراست میں لیا گیا جو افغانستان سے ضلع خیبر کے راستے پشاور میں داخل ہورہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں میں 7 کا تعلق ضلع خیبر اور ایک کا افغانستان سے ہے۔


متعلقہ خبریں