عرفان محسود نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا


اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان سے تعلق  رکھنے والے عالمی ریکارڈ یافتہ مارشل آرٹ کے ماہر عرفان محسود نے ایک اور اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔ عرفان محسود نے  بھارتی کھلاڑی کا اسکواٹس لگانے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

عرفان محسود نے  100 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 51 اسکواٹس لگائے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ بھارت کے کھلاڑی کپل کمار کے پاس تھا جنہوں سو پاونڈ وزن کے ساتھ ایک منٹ میں 44 سکواٹس مکمل کیے تھے۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ انتظامیہ نے ای میل کے ذریعہ عرفان محسود کے ریکارڈ کی تصدیق کردی۔ عرفان محسود کا مجموعی طور پر یہ پینتیس واں عالمی ریکارڈ ہے۔ وہ اب تک انڈیا کے گیارہ ورلڈ ریکارڈ توڑے چکے ہیں۔

مزیر پڑھیں: پاکستانی مارشل آرٹس ماسٹر راشد نسیم نے ایک اور بھارتی ریکارڈ توڑ دیا

اس سے قبل عرفان محسود نے عراق کے کھلاڑی جرجیس رشید کا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔ عرفان محسود نے دو انگلیوں پر 100 پاونڈ کے ساتھ 49 پش اپس لگائے تھے۔ اس سے پہلے 44 پش اپس لگانے کا اعزاز عراقی کھلاڑی کے پاس تھا۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل عرفان محسود نے بھارت کے کھلاڑی ایشوانی کمار سنگھ کا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔

عرفان محسود نے ایک منٹ میں 60 کلو وزن کے ساتھ ایک پاؤں پر 48 پش آپس لگا کر عالمی ریکارڈ بنا لیا تھا، اس پہلے بھارت کے کھلاڑی ایشوانی کمار سنگھ نے ایک منٹ میں 34 پش آپس لگائے تھے۔

دوسری جانب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے ای میل کے ذریعے عالمی ریکارڈ کی تصدیق کر دی تھی۔

بھارتی کھلاڑی کا ریکارڈ توڑنے کے بعد عرفان محسود کا کہنا تھا کہ  ریکارڈ توڑ کر فخر محسوس کر رہا ہوں، ملک کے لئے مزید کامیابیاں سمیٹنا چاہتا ہوں ۔

انہوں نے کہا تھا کہ ریکارڈ توڑنے کے لئے دن رات محنت کی، بھارتی کھلاڑی کو شکست دے کر پاکستان کا نام روشن کرنے پر بہت خوش ہوں۔


متعلقہ خبریں