سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھ رہی عوام احتیاط کریں، مرتضٰی وہاب

سماجی طور پر تنہا کرکے وبا کو شکست دینی ہے، مرتضیٰ وہاب

کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے بتایا ہے کہ سندھ میں گزشتہ روز کورونا کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 3 تھی جو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  2 اعشاریہ 6 ہو گئی ہے۔

انہوں نے عوام سے احتیاط کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کم ہوا ہے،ختم نہیں۔

خیال رہے کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے مزید 6 افراد جاں بحق جب کہ 251 متاثر ہوئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا ہے کہ صوبے میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار 17 ہو گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کورونا وائرس سے سندھ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 2492 ہو گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا کے 137 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ اس وقت صوبے میں 19 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں جہاں ان کا علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق کراچی میں کورونا کے مزید 158 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کا تیسرامرحلہ شروع

دوسری جانب  پاکستان میں کورونا ویکسین’ کینسینو‘ کے کلینیکل ٹرائل کےتیسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ویکسین کا پہلا اور دوسرا مرحلہ چین میں ہوا تھا اور تیسرا پاکستان میں ہورہا ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ ویکسین کاٹرائل صحت کےنظام میں بہتری کےلیے بھی اہم ہے اور کوروناویکسین کا ٹرائل ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔


متعلقہ خبریں