اپوزیشن کے استعفے آئے تو فوری ضمنی الیکشن کرائیں گے، شبلی فراز



اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے استعفے آئے تو فوری ضمنی الیکشن کرائیں گے، پی ٹی آئی اکثریت حاصل کرے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیانیے پر ن لیگ کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، شریف خاندان کے اندر بھی چپقلش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ش لیگ سمیت ن لیگ میں کئی دھڑے بننے جا رہے ہیں، ن لیگ کے لوگوں نے حکومت سے رابطے شروع کر دئیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نیب کیسز پر حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتی ہے، این آر او ہو گا نہ کیسز ختم کریں گے، نواز شریف مفرور ہیں سیاست پر بھاشن نہ دیں۔

وزیراعظم نے کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے ڈٹ کر پیش کیا، شبلی فراز

شبلی فراز نے کہا کہ ن لیگ جو تحریک چلانا چاہتی ہے وہ بےبنیاد ہے، ایف اے ٹی ایف قانون سازی میں ناکامی کے بعد اب یہ سڑکوں پر آنا چاہتے ہیں، اسمبلیوں سے استعفوں کی دھمکیاں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں تقسیم کے حوالےسے شیخ رشید کی باتوں میں وزن ہے۔ وزیراعظم عمران خان بدعنوان عناصر کے احتساب کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے ڈیل کے چکر میں ہیں اور مسلسل رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ذاتی مفاد اور منافقانہ سیاست کی ہے۔


متعلقہ خبریں