روس میں جاری ’کوہ قاف 2020‘ مشقیں اختتام پذیر



اسلام آباد: روس کی  شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مشترکہ جنگی مشقیں ’’کوہ قاف 2020‘‘ اختتام پذیر ہو گئیں ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 ستمبر سے 26 ستمبر تک روس میں جاری رہنے والی مشقوں کی اختتامی تقریب میں وزیردفاع پرویزخٹک نے خصوصی شرکت کی اور ‏‏مشقوں کا معائنہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ مشقوں میں پاکستان، روس، چین، ایران، میانمار، بیلا روس اور آرمینیا کے فوجی شریک ہوئے۔

پاک فوج کی روس میں جاری فوجی مشقوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت

مشقوں میں شریک پاکستانی اورچینی دستوں نے وزیردفاع ‏‏ ‏پرویزخٹک سے خصوصی ملاقات بھی کی، پاک فوج کے چیف آف لاجسٹک سٹاف لیفٹیننٹ ‏‏جنرل اظہرصالح بھی وفد کا حصہ تھے۔

خیال رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مشقوں کے حوالے سے بتایا تھا کہ مشقوں میں شرکت کرنےوالی فوجی ٹیمیں جدید ٹیکنالوجی کی نمائش کرتی ہیں، پاکستان پہلےبھی روس اوروسطی ایشیائی ممالک کی فوجی مشقوں میں حصہ لے چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان نے روس، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان کی مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت نے آخری لمحوں میں مشقوں میں شرکت سے راہ فرار اختیار کر لی تھی۔


متعلقہ خبریں