کراچی: مسافر وین میں آگ لگنے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا


کراچی: کراچی ایم نائن سپر ہائی وے پر مسافر وین میں آگ لگنے کے واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مقدمہ نوری آباد تھانےمیں درج کیا گیا ہے جس میں مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سپرہائی وے پرمسافر وین میں آگ لگنے سے 15 مسافر جھلس کر جاں بحق ہو گئے تھے جن کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔

ہم نیوز کے مطابق حیدرآباد لطیف آباد نمبر 5 کے رہائشی ایک ہی گھر کے 5 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ لطیف آباد نمبر 5 کے علاقے سے ایک ہی گھرانے کے 6 افراد کراچی کیلئے روانہ ہوئے تھے۔

کراچی ہائی وے حادثہ: وین کی رفتار120کلومیٹرفی گھنٹہ تھی

ورثا کا کہنا ہے کہ 6افراد میں سے ایک نوجوان گھر پہنچ گیا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ لطیف آباد 12نمبر کے بھی ایک ہی خاندان کے 3 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

جاں بحق افراد میں سے ایک کی شناخت 25سالہ عبدالرشید کے نام سے ہوئی ہے جو برنس وارڈ میں زیرعلاج تھا۔

تمام لاشیں بری طرح جھلس چکی ہیں اور بائیو میٹرک بھی ممکن نہیں۔ جاں بحق افراد کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ہوگی جس کے لیے نمونے لیے جارہے ہیں۔

جاں بحق ہونے والے کسی شخص کی تاحال حتمی شناخت نہ کی جاسکی۔ حکام کا کہنا ہے کہ کوئی گھڑی تو کوئی انگوٹھی اپنے پیارے کی نشانیاں بتا کر لاش لے جانا چاہتا ہے لیکن ڈی این اےٹیسٹ کی رپورٹ آنے تک کوئی لاش  ورثا کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں