آصف زرداری کیخلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیسز کا ٹرائل ہائیکورٹ میں چیلنج


اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنے کیخلاف احتساب عدالت میں ہونے والا ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

درخواست میں آصف زرداری نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں بریت کی استدعا کی ہے۔ آصف علی زرداری نے فوری ٹرائل روکنے کی بھی درخواست دی ہے۔

سابق صدر کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیسز نیب کا دائرہ اختیار نہیں، انہیں خارج کیا جائے۔ میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں بری کیا جائے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل آصف علی زرداری نے نیب ریفرنسز کیخلاف احتساب عدالت میں بھی درخواست دائر کی تھی۔ سابق صدر کی جانب سے پارک لین، میگا منی لانڈرنگ اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنسز کیخلاف اپیل کی گئی تھی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے مؤقف اپنایا تھا کہ نیب کے ریفرنسز بدنیتی پر مبنی ہیں۔ انہیں خارج کیا جائے۔

احتساب عدالت نے سابق صدرآصف علی زرداری کی نیب ریفرنسز کیخلاف تین درخواستیں خارج کر دی تھیں۔عدالت نے کہا تھا کہ زرداری کو نیب ریفرنسز میں بری نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے آصف زرداری پر تینوں کرپشن ریفرنسز میں فرد جرم عائد کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

عدالت نے آصف علی زرداری اور دیگر ملزمان پر پارک لین، میگا منی لانڈرنگ اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنسز میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے28ستمبر2020 کو طلب کیا تھا۔


متعلقہ خبریں