وہ وقت دور نہیں جب عوام اس حکومت کا احتساب کرے گی، مریم نواز


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ اب وہ وقت دور نہیں جب اس حکومت اور ان کو لانے والوں کا احتساب عوام کرے گی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا صرف یہ قصور ہے کہ اس نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، اس نے جیل جانے کو ترجیح دی مگر اپنے بھائی کو ساتھ کھڑا رہا۔

مریم نواز نے تحریر کیا کہ یہ انتقامی احتساب نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ آپ شہباز شریف کو گرفتار کر کے بھی جعلی مینڈیٹ کو نہیں بچا سکیں گے، اے پی سی میں جو بھی فیصلے کیے گئے ن لیگ کا ہر رکن ان وعدوں  پر ثابت قدم رہے گا۔

مریم نواز شریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں تحریر کیا کہ آج ہم سب شہباز شریف ہیں۔

خیال رہے کہ آج لاہورہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت مسترد کر دی جس کے بعد نیب نے شہباز شریف کوحراست میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے شہباز شریف کو گرفتار کر لیا

قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو کمرہ عدالت سے حراست میں لیا اور روانہ ہو گئی۔ نیب کی ٹیم شہباز شریف کو لے کر نیب لاہور آفس پہنچ گئی۔ نیب آفس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا ابتدائی طبی معائنہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق طبی ماہرین نے شہباز شریف کا بلڈ پریشر، شوگر لیول اور دیگر چیک آپس کیے۔


متعلقہ خبریں