مریم اورنگزیب کی گفتگو عدالت پر حملہ ہے، شہزاد اکبر


اسلام آباد: مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری پر پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگوعدالت پر حملہ ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب کرایے کی ترجمان ہیں، یہ ان کا فرض ہے۔ ہائیکورٹ نے شہبازشریف کی ضمانت مسترد کردی ہے۔ مریم اورنگزیب نے گٹھ جوڑ کی بات کرکے عدالت پرحملہ کیا۔

اس سے قبل ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ نیب نے بے نامی درخواست پر شہباز شریف کو گرفتار کیا۔ اے پی سی کے بعد انتقامی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور شہبازشریف کو عمران خان کے حکم پر گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:نیب نے شہباز شریف کو گرفتار کر لیا

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی شہبازشریف پر نیب ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کرسکا لیکن ہم عدالت کا فیصلہ تسلیم کرتے ہیں۔ ہمیں گرفتاری سے ڈر یا خوف نہیں ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم گھبرانے والے نہیں کیونکہ ہمارا قائد نوازشریف ہیں۔ شہبازشریف کے گرفتاری کے بعد ن لیگ اپنے مستقبل کے منصوبوں کو دیکھے گی۔

خیال رہے کچھ دیر قبل ہی نیب نے شہبازشریف کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا ہے۔ شہبازشریف نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی تھی جس کو مسترد کر دیا گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں