عبداللہ عبداللہ کی اسد قیصر سے ملاقات، متعدد امور پر تبادلہ خیال


اسلام آباد: افغان مفاہمتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں نے پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاک افغان تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ پرامن افغانستان پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے  امن مذاکرات کے سلسلے میں ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ کے قائدانہ کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ باضابطہ تجارت اور عوام کی نقل وحرکت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر اسد قیصر نے سرحدی منڈیوں کے قیام کا معاملہ بھی اٹھایا۔ اسپیکر نے کہا کہ افغانستان میں قید پاکستانیوں تک کونصلر رسائی دی جائے۔

ذرائع کے مطابق عبداللہ عبداللہ نے پاکستان میں اپنے پرتپاک خیرمقدم پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ افغان حکومت اور عوام امن مذاکرات میں پاکستان کے تعاون پر مشکور ہیں۔

ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ نے تجارتی سرگرمیوں میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اسپیکر کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں: افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، شاہ محمود

اس سے قبل ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ نے وزیر خارجہ شاہ ‏محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ دو ‏طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کا خواہشمند ہے۔ ‏افغانستان میں قیام امن، خطے کی ‏تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے‏۔

افغان مفاہمتی کونسل  کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے دفتر خارجہ میں پودا بھی لگایا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں افغان امن عمل، بین الافغان ‏‏مذاکرات سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ ‏‏پاکستان مشترکہ ذمہ داری کونبھاتے ہوئے، افغان امن عمل میں خلوص نیت کے ساتھ ‏‏مصالحانہ کردارادا کررہا ہے۔ افغانستان کی تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام ‏کیلئے ‏عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکہ طالبان امن معاہدہ اور بین الافغان مذاکرات کے ‏‏انعقاد سے افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے امید کی شمع روشن ہوئی، افغان قیادت ‏‏کو ان نادرمواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے ‏‏کے لیے سنجیدہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔

ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ نے افغان امن عمل کو منطقی ‏‏انجام تک پہنچانے کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی مخلصانہ اورمصالحانہ ‏‏کاوشوں کو سراہا۔

عبداللہ ‏عبداللہ تین روزہ دورے کے دوران صدرمملکت عارف علوی، ‏وزیراعظم عمران خان اورعسکری حکام کے ‏علاوہ دیگراہم شخصیات سے بھی ‏ملیں گے۔


متعلقہ خبریں