موسم کے بعد سیاسی تبدیلی ہوگی، یوسف رضا گیلانی

Yousaf raza gillani

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے بعد سیاسی تبدیلی ہو گی۔

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سے ڈرنے والے نہیں ہیں، میری باری پہلے ہی آچکی ہے، گرفتاریاں ہمارے لیے معنی نہیں رکھتیں۔

یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ ریفرنس: آصف زرداری، یوسف رضاگیلانی پر فرد جرم عائد، نواز شریف اشتہاری قرار

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی چھوڑنے کا معاملہ آیا تو فیصلہ تمام جماعتوں کا ہوگا، اگر لیڈر شپ کے بغیر کوئی تحریک ہوگی تو وہ خطرناک ہوگی۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ ہمارا آخری آپشن استعفے دینا ہوگا، اگر ہماری قربانی سے ملک بہتر ہوسکتا ہے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ دیکھنا ہے حکومت کا معیار کیا ہے، اگر حکومت سے منشور پر عمل درآمد ہوتا ہے تو عوام مطمئن ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھے، ہم نے بلوچستان سمیت ہر جگہ سے سیاسی مقدمات ختم کیے۔

سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ساتھ لے کر ملک کو آگے چلانا چاہتے تھے، ہم نے 1973 کے آئین کو بحال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کا13 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ منظور

یاد رہے کہ گزشتہ روز  نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا تھا۔

آج احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 13 اکتوبر تک شہبازشریف کا جسمانی ریمانڈ دے دیا ہے۔

قومی احتساب بیورو(نیب) کی جانب سے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جس کو عدالت نے منظور کرلیا گیا۔


متعلقہ خبریں