اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، عثمان بزدار


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

اسپیکر صوبائی اسمبلی پرویز الہٰی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب  نے کہا کہ ہم سب پر اداروں کا احترام ضروری ہے۔ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے۔ اتحادی جماعت سے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں۔

اسپیکر صوبائی اسمبلی پرویز الہٰی نے کہا کہ اپوزیشن اداروں کو متنازعہ بنا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے۔ یہ وقت منفی سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے۔
اپوزیشن کی جانب سے اے پی سی کا ناٹک ناکام رہا۔

ملاقات میں دونوں رہنماوں نے باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں عوام کو ریلیف دینے کے کیے گئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پاکستان مسلم لیگ نواز  کے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔

ملاقات کرنے والوں میں شیخوپورہ سے جلیل احمد شرقپوری اور چودھری اشرف علی انصاری جب کہ نارووال سے ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی محمد غیاث الدین شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن میں اختلاف نہیں اختلافِ رائے ہے، شاہد خاقان عباسی

خانیوال سے منتخب ہونے والے رکن پنجاب اسمبلی محمد فیصل خان نیازی اور چودھری اشرف انصاری کے بھائی چودھری محمد یونس نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی

ذرائع کے مطابق اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نےانہیں مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میرے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، اراکین اسمبلی کے جائز مسائل فوری حل کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اراکین پنجاب اسمبلی میرے دست و بازو ہیں، انہیں عزت و احترام دیں گے، نئے پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تنقید کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کے سفر کومزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔


متعلقہ خبریں