ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی: بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

فائل فوٹو


اسلام آباد:  بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں پر پاکستان نے اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور گورو اہلوالیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان نے بھارت سے اشتعال انگیزیوں پر شدید احتجاج کیا اوراحتجاجی مراسلہ  ناظم الامور کے حوالے کیا۔

ترجمان کے مطابق بھارتی فورسز نے 28 ستمبر کو ایل او سی کے بروہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس سے چار شہری شدید زخمی ہوئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کے مطابق رواں برس بھارت نے اب تک فائر بندی انتظام کی 2387 مرتبہ خلاف ورزیاں کیں۔ رواں برس بھارتی اشتعال انگیزیوں میں 19 معصوم شہری شہید اور 191 شدید زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فوج کی جارحیت سے 15 سالہ نوجوان اور سپاہی شہید

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ بھارتی فورسز مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ بھارت کی پے در پے اشتعال انگیزیاں خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

ترجمان کے مطابق بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ بھارت 2003ء کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کے مطابق ہندوستان کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور اقدار کے منافی ہے۔ اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے۔

خیال رہے کہ آج بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی اور ایک 15 سالہ نوجوان شہید جب کہ چار شہری زخمی ہو گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے سیکٹر برو اور ٹنڈر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی شفیق بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے


متعلقہ خبریں