مائیک پومپیو نے امریکی سیکریٹری خارجہ کا حلف اٹھالیا


واشنگٹن:سی آئی اے کے سابق سربراہ مائیک پومپیو نے سینیٹ کی توثیق کے بعد سیکریٹری خارجہ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نامزد مائیک پومپیو کو سینیٹ میں 57 اراکین کی حمایت اور 42 کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔

مائیک پومپیو کو تمام ری پبلکن اراکین نے ووٹ دیے،ڈیمو کریٹس میں سے چھ اور ایک آزاد سینیٹر نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

ریکس ٹلرسن کو فارغ کرنے کے بعد صدر ٹرمپ نے مائیک پومپیو کو سیکریٹری خارجہ نامزد کیا تھا ۔

مائیک پومپیو عہدے کا حلف اٹھانے کے فوری بعد برسلز روانہ ہو گئے جہاں وہ نیٹو ہیڈ کوارٹر میں ترک اور اطالوی وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق نئے سیکریـٹری خارجہ بریسلز سے سعودی عرب،اسرائیل اور اردن کے دورے پر روانہ ہو جائیں گے۔

مائیک پومپیو نے اپنی نامزدگی کے فوراً بعد شمالی کوریا کا خفیہ دورہ کرکے کم جونگ سے ملاقات کی تھی۔

ملاقات میں طے پایا تھا کہ ٹرمپ اور کم جونگ کی ملاقات پانچ ممکنہ مقامات میں سے کسی ایک جگہ ہوسکتی ہے۔

گزشتہ ایک سال سے امریکا اور شمالی کوریا ایک دوسرے پر ’لفظی‘ گولہ باری میں مصروف تھے۔

مائیک پومپیو کی کم جونگ سے ملاقات کی خبر امریکی میڈیا نے بریک کی تو پوری دنیا حیران رہ گئی۔

امریکی صدر ٹرمپ نے امریکی میڈیا کی خبر کو درست قرار دیتے ہوئےتصدیق کی کہ سی آئی اے کے سابق سربراہ کا دورہ ان کی آشیرباد سے ہوا۔

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ نے امریکی میڈیا میں خفیہ ملاقات کی خبر آنے کے بعد اپنے جوہری اور میزائل تجربات بند کرنے کے احکامات جاری کئے۔

کم جونگ کے اعلان کا صدر ٹرمپ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں نے خیرمقدم کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مائیک پومپیو کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ملک کے لئے ایک اثاثہ ثابت ہوں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مائیک پومپیو کو اپنے اعتماد اور مکمل حمایت کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

مائیک پومپیو کی قابلیت کا امتحان لینے کے لیے ایران،شام  اورشمالی کوریا سمیت دیگر اہم مسائل موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں