پاک بنگلہ دیش دوسرا ٹیسٹ پھر سے تاخیر کا شکار


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  کے مصروف شیڈول کے باعث پاک بنگلہ دیش سیریز کے تحت شروع ہونے والا دوسرا ٹیسٹ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیریز میں شامل بقیہ میچز کے ملتوی ہونے سے متعلق پی سی بی حکام نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے موقف اختیار کیا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ کا انعقاد رواں سیزن میں ممکن نہیں ہے۔ رواں سال نیشنل ٹی20 کے بعد زمبابوے سیریز اور پی ایس ایل کے بقیہ میچزہونے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق سال 2021 کے آغاز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان آئے گی۔ جنوبی افریقہ سے سیریز کے بعد پی ایس ایل سیزن 6 کا آغاز ہوناہے۔ پی ایس ایل 6 کے بعد قومی ٹیم کا دورہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ طے ہے۔

خیال رہے کہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 7 تا 10 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے ایک اننگز اور 44 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان کی بنگلہ دیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست

پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے مرحلے میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو 29 مارچ کو کراچی پہنچنا تھا۔

دونوں ٹیموں کے مابین واحد ایک روزہ میچ یکم اپریل کو کھیلا جانا تھا جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 تا 9 اپریل تک جاری رہنا تھا۔

اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے 25 مارچ سے شروع ہونے والا پاکستان ایک روزہ کپ بھی غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں