سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے استعفیٰ جمع کرادیا

فوٹو: ہم نیوز


کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے بطور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی استعفیٰ پارٹی چیئرمین کو جمع کرادیا۔

فردوس شمیم نقوی نے استعفیٰ سے متعلق بیان میں کہا کہ آج صبح گورنر کے ساتھ  سکھر گیا، تقریب کے دوران فون آنا شروع ہوگئے۔ جس دن ایس ایس جی سی سے متعلق بیان دیاتھا، اخلاقی طورپراستعفیٰ دیاتھا۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ تحریک انصاف کا پارٹی ورکر ہوں۔ میرا استعفیٰ پارٹی چیئرمین کے پاس ہے وہ قبول کریں یا نہ کریں۔ اخلاقی طور پر اپنی غلطی کا احساس کرتے ہوئے استعفیٰ ارسال کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کراچی میں بجلی اور گیس کے معاملات کو حل ہونا چاہیے۔ کراچی اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ جس طرح کراچی کےعوام نے پی ٹی آئی کا ساتھ دیا،پارٹی کو بھی ان کےلیے کچھ کرناچاہیے۔

اس سے قبل فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ میں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ نہیں دیا۔ میں نے بطور اپوزیشن لیڈر عہدہ چھوڑنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ پارٹی قیادت کی مرضی ہے کہ جس چاہے اپوزیشن لیڈر بنا دے یا مجھے برقرار رکھے۔

ہم نیوز کے مطابق فردوس شمیم نقوی کو مستعفی ہونے کا کہا گیا تھا اور پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے وزیراعظم عمران خان کا پیغام پہنچایا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے چند روز قبل کراچی میں گیس بحران پر وفاقی وزرا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اے پی سی: فضل الرحمان کی اسمبلیوں سے استعفیٰ، سندھ اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تجویز

کراچی میں گیس بحران پر انہوں نے نہ صرف پی ٹی آئی حکومت بلکہ وزیراعظم عمران خان پر بھی شدید تنقید کی تھی۔

بعد ازاں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام کے ذریعے سخت الفاظ استعمال کرنے پر معافی بھی مانگی تھی تاہم آج ان سے استعفیٰ طلب کر لیا گیا۔ 

فردوس شمیم نقوی کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سندھ اسمبلی میں نئے اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں