نواز شریف پورے سسٹم کو شکست دے کر باہر گئے، اسلام آباد ہائی کورٹ



اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ نواز شریف پورے سسٹم کو شکست دے کر باہر گیا ہے، ملزم باہر بیٹھ کر حکومت اور اس ملک پر ہنستا ہو گا، یہ انتہائی شرم ناک رویہ ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت کی۔ نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا  آئندہ وفاقی حکومت کو بھی خیال رکھنا چاہیے کہ کیسے کسی کو باہر جانے دینا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی، ضمانت منسوخی سے متعلق درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی گئی۔

عدالت کی طرف سے نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے متعلق استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے بتایا کہ نواز شریف کی رہائشگاہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پر عدالتی وارنٹ موصول کرنے سے انکار کر دیا گیا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دیکھنا ہے کیا جان بوجھ کرعدالتی کارروائی سے فرار اختیار کیا جا رہا ہے؟ جسٹس عامر فاروق کیانی نے کہا کہ نواز شریف کو پتا ہے وہ پورے نظام کو شکست دے کر گیا، ملزم لندن بیٹھ کر حکومت اور عوام پر ہنستا ہو گا کہ پورا سسٹم کچھ نہیں کر پا رہا، سفارتخانے ، ادارے اور سارا سسٹم لگا ہوا ہے۔ یہ نہایت شرمندگی کا مقام ہے۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف نے مشکلات کے باوجود پیغام دیا کہ قائد نواز شریف ہیں، مریم نواز

عدالت نے مزید کہا کہ کیا ہم لکھ سکتے ہیں ملزم نواز شریف کہیں روپوش ہوا ہے؟ نواز شریف تو پوری قوم سے خطاب کر رہا ہے، ملزم کل یہ موقف اختیار نہیں کر سکتا کہ مجھے موقع نہیں دیا گیا یا وارنٹ گرفتاری کا علم نہیں۔ آئندہ وفاقی حکومت سوچ سمجھ کر ایسے ملزم کیلئے لائحہ عمل بنائے۔

ذرائع کے مطابق لندن کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پر دوبارہ پاکستانی ہائی کمیشن کا نمائندہ وارنٹس کی تعمیل کے لیے گیا تھا لیکن وہاں موجود شخص نے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے برطانیہ میں قونصل اتاشی کا ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت نے نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی ختم کرنے کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ قونصل اتاشی کا بیان ریکارڈ کر کے آگے بڑھیں گے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم خود کو جان بوجھ کر چھپا رہا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ملزم پوری قوم سے خطاب کر رہا ہوتا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ویڈیو اسکینڈل میں نوازشریف کی اضافی دستاویزات کی درخواست بھی آج لگی ہے۔ہماری استدعا ہے کہ نوازشریف کی اس متفرق درخواست کو بھی خارج کیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے ضمانت منسوخی سے متعلق درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی۔ نیب اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 7اکتوبرتک ملتوی کر دی ، آئندہ سماعت پر دفتر خارجہ کے افسران راؤ عبدالحنان اور مبشر احمد کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

عدالت نے کہا کہ اس کیس کو بعد میں دیکھیں گے۔ آپ کو جس متفرق درخواست کی بات کرنی چاہیے وہ تو آپ نے کی نہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس اپیلوں پر سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔


متعلقہ خبریں