صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا



واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملانیا ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد دونوں قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ خاتون اول میلانیا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور ہم نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ ہم اس وبا سے مل کر نمٹیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار ماسک پہننے کی ہدایات نظر انداز کیں، انہوں نے دو روز قبل انتخابی مباحثے میں بھی بغیر ماسک پہنے شرکت کی تھی۔

کورونا سے جہاں دنیا بھر میں روزانہ سیکڑوں ہلاکتیں ہوتی رہیں، وہیں ڈونلڈ ٹرمپ کا اس حوالے سے رویہ ہمیشہ غیر سنجیدہ رہا۔

ڈاکٹرز اور ماہرین کی طرف سے ماسک لگانے کی بار بار ہدایات کے باوجود ٹرمپ نے کئی مواقع پر ماسک نہیں لگایا۔

 ماسک پہننے کی پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ یہ پابندی نہیں لگائیں گے کہ ماسک لازمی پہنا جائے۔

دو روز قبل بھی صدارتی امیدوار جو بائیڈن کے ساتھ پہلے مباحثے میں شریک صدر ٹرمپ نے ماسک پہننے پر جو بائیڈن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا

مباحثے کے دوران ٹرمپ کے اہلِ خانہ بھی بغیر ماسک کے موجود تھے

امریکی صدر نے جیب سے ماسک نکال کر کہا تھا کہ جب انہیں ضرورت ہوگی وہ ماسک پہن لیں گے۔

اس سے قبل  وائٹ ہاؤس عملے کے کئی افراد میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آ چکا تھا اور ان کے مشیر بھی ماسک پہنے نظر آتے تھے۔ تاہم امریکی صدر اپنی ماسک نہ پہننے کی ضد سے ٹس سے مس نہ ہوئے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ  ملانیا ٹرمپ کےلیے نیک تمناوَں کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر اور ان کی اہلیہ کی جلد صحتیابی کے لیے پر امید ہوں۔

قبل ازیں امریکی صدر ٹرمپ کی مشیر خاص ہوپ ہکس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کی مشیر خاص نے متعدد بار صدر ٹرمپ کے ساتھ سفر کیا تھا۔

ہوپ ہکس کلیو لینڈ مباحثے سمیت کئی مواقع پر ٹرمپ کے ساتھ سفر کیا تھا۔ مشیر خاص میں کورونا کی تشخیص کے بعد صدر ٹرمپ نے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا تھا۔ رپورٹ آنے سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ’ میں نے اپناکورونا ٹیسٹ کرایا ہے، اب رپورٹ کا انتظار ہے‘۔

ٹرمپ صدراتی مہم کے دوران مختلف ریاستوں میں جلسے کر رہے تھے جن میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوتی تھی اور ماضی میں ٹرمپ ماسک پہننے سے انکار بھی کرتے رہے ہیں۔

ٹرمپ ماضی میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ملیریا کی دوائی ہائیڈروکسی کلوروکوئن استعمال کرتے رہے ہیں۔ اس قبل امریکی صڈر کے دو کورونا ٹیسٹ منفی آئے تھے۔

اس سے قبل امریکی نائب صدر مائیک پنس کی پریس سیکریٹری کیٹی ملر کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا جس کے بعد نائب صدر نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔

خیال رہے کہ امریکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں 2 لاکھ 12 ہزار660 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 74 لاکھ94 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔


متعلقہ خبریں