اسلام آباد: تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز میں اضافہ

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اسلام آباد کالج فار بوائز جی سکس تھری میں کورونا کے مثبت کیسز سامنے آئے ہیں، مذکورہ کالج میں 3 اساتذہ  کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ریسٹورنٹس، بیکریاں، شادی ہالز سیل

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضعیم ضیا نے تعلیمی ادارے کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کردیا ہے۔

اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں رینڈم ٹیسٹنگ کے دوران کیسز سامنے آئے، دو سے زائد کیسز پر کسی بھی  تعلیمی ادارے کو سیل کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 8 اموات رپورٹ ہوئی ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 507 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھرمیں کورونا کے 553 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار 984 ہو گئی ہے۔

ملک بھر میں کورونا ایکٹیو کیسز کی تعداد 8 ہزار 884 ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 538 کورونا مریض صحت یاب ہوئے اور  صحت یاب افراد کی مجموعی تعداد2 لاکھ 98 ہزار 593 ہو گئی۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 16 ہزار713 ہو گئی ہے۔ پنجاب 99 ہزار 665، سندھ میں ایک لاکھ 37 ہزار 783، خیبرپختونخوا میں 37 ہزار 908، بلوچستان میں 15 ہزار 323، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 816 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 776 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی ادارے کھولنے کا دوسرا مرحلہ: چھٹی سےآٹھویں تک کلاسز کا آغاز

کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 238 اور سندھ میں 2 ہزار 517 اموات ہو چکی ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 260، اسلام آباد میں 183، بلوچستان میں 146، ‏گلگت بلتستان میں 88 اور آزاد کشمیر میں 75 ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں