افغان صوبہ ننگرہار میں کار بم دھماکہ، 15 افراد ہلاک، 30 زخمی


کابل: افغانستان کے صوبے ننگرہار کے ضلع غنی خیل میں کار بم دھماکہ  میں 15 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق حملہ آور ضلعی گورنر کے کمپاؤنڈ میں گھسنا چاہتے تھے گارڈز کے روکنے پر کار کو دھماکے سے اڑا لیا۔

خیال رہے کہ یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب افغان حکومت اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان ملک میں امن قائم کرنے کے لیے مختلف مقامات پر وفود کی سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔

مزید پڑھیں: افغانستان کے شہر قندھار میں دھماکہ، 20 افراد جاں بحق

طالبان اور افغان  حکومت کے درمیان مذاکرات ہو رہے ہیں اور دونوں فریقین کے مابین ضابطہ اخلاق، آئندہ اجلاسوں کے شیڈول اور متعلقہ امورپر بات چیت ہوئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق  گزشتہ ماہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے طالبان وفد کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی تھی اور امیر قطر نے مذاکرات آگے بڑھنے پراطمینان کا اظہار کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان عوام کی امنگوں کے مطابق مذاکرات کی کامیابی، قومی اتحاد اور ترقی و خوشحالی کا خواہش مند ہوں۔

قطر میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات  اور افتتاحی سیشن میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے شرکت کی تھی۔ چیئرمین افغانستان ہائی کونسل برائے قومی مفاہمت عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ لوگ تشدد کا خاتمہ چاہتے ہیں اور مذاکرات سے دنوں فریقین کی فتح ہوگی۔


متعلقہ خبریں