’ایک ہزار لوگوں کی جلسی نے لاہور میں ن لیگ کی مقبولیت کا بھانڈا پھوڑ دیا‘


راولپنڈی: وزیر ریلو ے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایک ہزار لوگوں کی جلسی نے لاہور میں ن لیگ کی مقبولیت کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

ٹیمبل روڈ پر ن لیگ کے احتجاجی جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس جلسے سے خطاب کرنے والے نیب زدہ لوگوں کی تعداد سننے والوں سے زیادہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کا فلاپ شو بتاتا ہے کہ عوام حکومت کے ساتھ ہے۔

خیال رہے کہ لاہور میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جیلیں، مقدمات اور الزامات مسلم لیگ ن کے شیروں کا راستہ نہیں روک سکتے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دورحکومت میں بیروزگاری اورغربت میں اضافہ ہورہا ہے۔ حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: ن لیگی رہنما نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کی ضمانت منظور

رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جب حکومتیں کام نہیں کرتی ہیں تو معیشت بیٹھ جاتی ہے۔ ہم نے اپنی زندگیاں جمہوریت کے لیے قربان کیں۔ آئین کا احترام کیا جائے اور شہری حقوق بحال کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے۔ 2 سال ہم نے اور قوم نے آپ کو برداشت کیا لیکن آپ نے کام نہیں کیا۔ ساری اپوزیشن احتساب کے دروازے پر کھڑی کی ہوئی ہے۔ ہمیں جیلوں میں ڈال کر اور جھوٹے مقدمے بنا کر کیا ملا؟

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثنااللہ نے کہا کہ گزشتہ 3سال سے مسلم لیگ ن پر مقدمات بنائے جارہے ہیں۔ شہبازشریف نے امانت اور دیانت کے ساتھ پنجاب کی خدمت کی۔ شہبازشریف نے کبھی اپنے خاندان کے کاروبار کے بارے میں بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے 50لاکھ گھر دینے کا جھوٹا وعدہ کیا۔ حکومت نے گھر بنائے تو نہیں لیکن گرائے ضرور ہیں۔ حکومت نے کسی کو نوکری نہیں دی لیکن لوگوں کو بیروزگار کردیا۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما ایاز صادق نے کہا کہ یہ ملک کو بھی ایسے ہی چلا رہے ہیں جیسے پشاور کی بی آر ٹی چل رہی ہے۔ جب نوازشریف کا حکم ہوگا تو ضرور استعفیٰ دیں گے۔ کارکن سڑکوں پر نکلنے کی تیاری کرلیں۔


متعلقہ خبریں