لگتا ہے اپوزیشن کا اتحادبہت جلد ٹوٹ جائے گا، پرویز خٹک


نوشہرہ: وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن کے اتحاد سے کوئی خطرہ نہیں، لگتا ہے یہ اتحاد بہت جلد ٹوٹ جائے گا۔

نوشہرہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی خواہش پوری ہوتی ہوئی نظر نہیں آ رہی، عمران خان کی قیادت میں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، اسمبلیوں سے استعفے دے دیئے گئے تو حکومت ضمنی الیکشن کرا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو احتجاجی تحریک سے نہیں روکیں گے تاہم قانون کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اتحادیوں کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں، بعض لوگ بے پر کی اڑا رہے ہیں: پرویز خٹک

پرویز خٹک نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ملک کی مفاد کی سیاست کریں، اگر پاکستان ہے تو ہماری سیاست ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2018 کے انتخابات میں عوام نے اپوزیشن کو مسترد کیا، وزیراعظم کرپشن کےعلاوہ ہر چیز پر اپوزیشن سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ مثبت تجاویز سامنے لائیں حکومت بات کرنے کیلئے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ اپوزیشن دوسروں کے ہاتھ میں کھیل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دوٹوک موقف ہے کہ کسی کو این آر او نہیں دوں گا، کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔


متعلقہ خبریں