کراچی: پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی جاری


کراچی: کراچی میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے باوجود شہریوں، مسافروں اور بس ڈرائیورز کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

کراچی میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبائی حکومت نے  ایس او پیز نافذ کر دیے  ہیں لیکن شہری ان پر عمل در آمد کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ بس ڈرائیورز، کنڈکٹرز اور مسافر سبھی کورونا ایس او پیز کو نظرانداز کررہے ہیں۔

اصول و قواعد پر عمل در آمد کی شرط پر کھلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ میں کنڈیکٹر اور ڈرائیور ماسک لگانے کو تیار نہیں ہیں

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے بس کنڈکٹر محمد ہاشم منہ پر ماسک لگا کر آواز کیسے لگاؤں گا۔ ڈرائیور بخت خان کا کہنا تھا کہ ماسک تو لگانا چاہیے، اب انشاء اللہ کل سے لگاؤں گا۔

ہم نیوز نے لا پروا مسافروں سے ماسک نہ لگانے پر سوال کیا تو کسی نے بہانہ بنایا تو کوئی کرونا وائرس کے وجود سے ہی انکاری ہو گیا۔

ایک شہری کا کہنا تھا کہ ماسک لگانا بھول گیا تھا، اب خرید لوں گا۔ میرے حساب سے تو کرونا وائرس ہے ہی نہیں۔

خیال رہے کہ سندھ بھر میں اب تک کرونا وائرس کے باعث اڑھائی ہزار سے زائد افراد انتقال کر چکے ہیں۔ موسم تبدیل ہونے کے ساتھ ہی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔

دوسری جانب شہر قائد کے ضلع ملیر میں 44 گھروں کے اطراف مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع سے بتایا کہ ملیر کے مختلف علاقوں سے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے 330 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ملیر کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں شہری اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں البتہ گھر کے کسی بھی ایک شخص کو ضروری خریداری کے لیے باہر جانے کی اجازت ہو گی۔

مزید پڑھیں: کراچی: کورونا کیسز میں اضافہ، مزیر علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن

ہم نیوز کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے لیے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں کریانہ اور میڈیکل اسٹورز کے علاوہ دیگر تمام کاروبار بند رہے گا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی اجازت نہیں ہو گی اور سماجی تقاریب کے انعقاد پر بھی پابندی ہو گی۔ متاثرہ علاقوں میں صنعتی یونٹس بند رہیں گے۔

 

ہم نیوز کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی سفارش پر کیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کا دورانیہ 16 اکتوبر 2020 تک ہو گا۔


متعلقہ خبریں