گلگت بلتستان: اداروں کے سربراہوں کی تصاویر کو انتخابی مہم میں استعمال کرنے پر پابندی


گلگت: گلگت بلتستان میں اداروں کے سربراہوں کی تصاویر کو انتخابی مہم میں استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز نے کہا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والا امیدوار نااہل ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امیدوار اشتہارات اور بینرز پر کسی ادارے سے تعلق ظاہر نہیں کریں گے۔

جی بی اسمبلی انتخابات فوج کی مدد کے بغیر کرائیں گے، نگران وزیراعلیٰ

یاد رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان نے گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے 15 نومبر کو ہونے والے انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، شفاف الیکشن کو یقینی بنایا جائے گا۔

نگراں وزیراعلیٰ میر افضل نے اعلان کیا کہ آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات میں فوج کی مدد نہیں لی جائے گی، الیکشن میں صرف پولیس، گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور رینجرز کو تعینات کریں گے اور ثابت کریں گے کہ پولیس اور پیرا ملٹری فورسز الیکشن کرانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ صرف ضرورت پڑنے پر فوج کو طلب کیا جائے گا۔

ان  کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان انتخابات بغیر فوج کے کرا کے ملک میں مثال قائم کریں گے، نگران حکومت غیر جانبدار ہے۔ حساس حلقے میں فوج کی تعیناتی حالات کے مطابق عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اسمبلی الیکشن تک وزیر اعظم سمیت تمام حکومتی عہدیداروں کے دورے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز نے کہا کہ قانونی طور پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی حکومتی عہدیدار گلگت بلتستان نہیں آ سکتا اور نہ انتخابی مہم چلانے کی اجازت ہے۔

راجہ شہباز  نے انتخابات کو ہر قیمت پر شفاف اور منصفانہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں گلگت بلتستان اسکاؤٹس، پولیس، رینجرز اور ایف سی کی مدد حاصل کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات: کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم

ان کا کہنا تھا کہ فوج کو حالات کے مطابق انتہائی حساس مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات کو مد نظر رکھتے ہوئے انتخابات کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات 2020 کے صاف، شفاف، آزادانہ، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ طریقے سے انعقاد کرنے کیلئے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان روز اول سے ہی پرعزم ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ انتخابات 15 نومبر کو ہی ہونگے،جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں۔ ضابطہ اخلاق پرعملدرآمد کیلئے تمام پارٹیز سے مشاورت ہوئی ہے جو جلد جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کیلئے رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 745,361 ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 405,350 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 339,992 ہے.


متعلقہ خبریں