خواجہ آصف کا بیان اپوزیشن میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش ہے، آصف زرداری


کراچی: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف کا بیان اپوزیشن میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ خواجہ آصف نے میرے خلاف بیان کسی کے ایما پر دیا ہوگا۔ ان کا بیان اپوزیشن کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف کی آصف زرداری سے معافی

خیال رہے کہ خواجہ آصف نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا’میں بار بار یہی کہوں گا کہ مجھے آصف زرداری پر یقین نہیں‘۔

نجی ٹی وہ کو دیئے گئے انٹرویو میں ن لیگی رہنما نے کہا تھا’ میں بار بار کہوں گا کہ مجھے آصف زرداری پر یقین نہیں ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ’میں نے جو بیان دیا ہے، اس پر کچھ لوگوں کو پتہ ہے کہ اس کا کیا ریفرنس ہے، تو میرے لیے بہت مشکل ہے ان پر یقین کرنا‘۔

بعد ازاں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے معافی مانگ لی ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ میرا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، اگر میرے بیان سے سابق صدر کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: لوگ باہر نکلے تو حکومت کو گھر جانا پڑے گا، آصف زرداری

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی حکومت مخالف اتحاد ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ کا حصہ ہیں اور دنوں جماعتوں کی سیاسی قیادت نے ایک دوسرے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔


متعلقہ خبریں