جمہوریت کے نام پر ملک دشمن ریلیاں نکالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اعجاز شاہ

ایم کیو ایم کے مقدمات ختم کرنے سے متعلق ابھی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ،وزیرداخلہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اپوزیشن جماعتوں کی تحریک کو ریاست مخالف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کے نام پر ملک دشمن ریلیاں نکالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف مجرم ہیں وہ بیماری کا بہانہ بنا کر بیرون ملک فرار ہوئے۔ سابق وزیراعظم بیرون ملک بیٹھ کر ریاست مخالف پروپیگنڈہ کو فروغ دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  دو سال بعد الیکشن کی شفافیت پر سوال کیوں اٹھایا جا رہا ہے؟ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف اپوزیشن کو متعلقہ فورم میں جانا چاہیے۔

گزشتہ روز انہوں نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ 3 بار ملک کے وزیر اعظم رہنے والا شخص بیماری کا بہانہ بنا کر بیرون ملک بھاگ گیا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کے جہازمیں بیٹھے ہی تھے کہ ان کی بیماری ٹھیک ہو گئی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ انصاف کے بغیر قومیں اور ملک ترقی نہیں کرتے لیکن قیام پاکستان کے بعد ہی ملک میں مخالف سازشیں شروع ہوگئیں۔ ماضی میں مقبوضہ کشمیر سازش کے تحت بھارت کو دیا گیا تھا تاہم ملک کے خلاف اب بھی سازشیں جاری ہیں۔

خیال رہے کہ اپوزیشن نے حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں جلسے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

اعجاز شاہ کا بیان ایک ایسے موقع پر آیا ہے جب ن لیگ اپنے جلسوں کا شیڈول جاری کر چکی ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے بھی کراچی میں ریلی نکالی ہے۔

گزشتہ روز ہی ن لیگ نے اپنے جلسوں کا شیڈول بھی جاری کیا تھا۔ ن لیگ کے زیر اہتمام 15 اکتوبرکو راولپنڈی، 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ اور 26 اکتوبر کو مظفر گڑھ میں جلسے منعقد کیے جائیں گے۔ ق 2 نومبر کو سرگودھا، 6 نومبرفیصل آباد، 10 نومبرساہیوال، 23 نومبرملتان اور30 نومبر کو بہاولپور میں جلسہ ہوگا۔


متعلقہ خبریں