جدوجہد کا آغاز ہو چکا اب یہ حکومت جلد گرے گی، محمد زبیر


کراچی: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے کہا ہے کہ بھرپور جدوجہد کا آغاز ہو چکا اب یہ حکومت جلد گرے گی۔

نواز شریف اور مریم نواز کے نومنتخب ترجمان اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کل پریس کانفرنسز کا ماحول ہے۔ نواز شریف ابھی تقریر ختم کر ہی رہے تھے کہ ہلچل مچ گئی جبکہ ہمیں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے بعد حکومتی پریشانی کا اندازہ تھا لیکن اتنی ہو گی یہ نہیں معلوم تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے اور معیشت کس طرف جا رہی ہے؟ اس کا کسی کو احساس نہیں ہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، فیصل واوَڈا، شہبازگل اور دیگر وزرا آئے روز پریس کانفرنسز کرتے نظر آتے ہیں لیکن وزرا نے کسی ایک پریس کانفرنس میں بھی عوامی مسائل پر بات نہیں کی۔ حکومتی وزرا کے خوف میں اتنی شدت ہے ہمارا آدھا کام تو ایسے ہی ہو گیا۔

نواز شریف کی اے پی سی کی تقریر سے متعلق انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اے پی سی میں کھل کر تقریر کی کیونکہ ملک کی خدمت کرنے والوں کو غدار کہا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جمہوریت کے نام پر ملک دشمن ریلیاں نکالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اعجاز شاہ

ن لیگی رہنما محمد زبیر نے کہا کہ وزرا کی عمریں 50 سال سے زائد ہوچکی ہیں لیکن وہ مریم نوازجیسی معصوم لڑکی پر تنقید کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے حوالے سے کہا گیا انہوں نے 3 بھارتیوں سے ملاقات کیں۔ نواز شریف کو بھارتیوں کی کیا ضرورت ہے ان کے ساتھ 22 کروڑ لوگ ہیں۔ ہم الزام تراشیوں اور غداری کے بہتان کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں